یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیرِ اہتمام کرکٹ ٹورنامنٹ 2018

Cricket Tournament

Cricket Tournament

کویت (محمد عرفان شفیق) یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیرِ اہتمام تیسرا اوراختتامی مرحلہ القدیر گراؤنڈ خیطان میں ہوا۔ اپنی دینی راوایات کو برقرار رکھتے ہوے باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا۔ اس کے بعد پہلے سیمی فائنل کا ٹاس کیا گیا۔

پہلے سیمی فائنل میں جلیب یونائیٹڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 8 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز سکور کیے۔ پاکستان وارئیر کے محمد نواز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں پاکستان وارئیر نے مقررہ اوورز میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر سکور پورا کر لیا، محمد نواز نے اپنی ٹیم کی طرف سے 27 رنز سکور کیے۔ محمد نواز کو بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

دوسراسیمی فائنل علی سپورٹس اور فرینڈز الیون حولی کے درمیان ہواجس میں فرینڈز الیون حولی نے پہلے کھیلتے ہوے مقررہ 8 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر رنز بنائے جس کے جواب میں علی سپورٹس سکور پورا کرنے میں ناکام رہی اور اس طرح دوسرا سیمی فائنل فرینڈز الیون حولی نے جیت لیا۔ عنصر علی کو شاندار بالنگ پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔

فائنل مقابلہ فرینڈز الیون حولی اور پاکستان وارئیر کے درمیان ہوا جس میں فرینڈز الیون حولی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیااور مقررہ 8 اوورز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوے 3وکٹوں پر 111رنز سکور کیے۔ جواب میں پاکستان وارئیر نے بھی اپنی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا مگر جلدی وکٹیں گر جانے کی وجہ سے ٹارگٹ پورا نہ کر سکی۔ پاکستان وارئیر مقررہ 8 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 79 رنز سکور کر سکی۔ اس طرح اس ٹورنامنٹ کا فائنل فرینڈز الیون حولی کے نام رہا۔ محمد عمران کو 66رنز ناٹ آؤٹ بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جلیب یونائیٹڈ کے محمد عرفان کو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے پر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

ایمپائرنگ کے فرائض محمد اکبر، وسیم باجوہ، محمد مبین، ندیم حفیظ اور محمد منیب نے انجام دیےجبکہ اسکورنگ مبارک علی، محمد یوسف اور زاہد اقبال نے کی۔

ٹورنامنٹ کا فائنل دیکھنے کے لیے کویت میں موجود مختلف سماجی اور سیاسی تنظیموں کے اکابرین اور کارکنان تشریف لائے اور ٹورنامنٹ کی فائنل کی تقریب میں کھلاڑیوں اور انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کے لیے شرکت کی۔

سیاسی و سماجی شخصیات نے یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے کارکنان کے عزم حوصلے ، نظم وضبط اوراپنے کام سے لگن کے جذبے کی تعریف کی۔ فائنل تقریب میں اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے صدر حافظ حفیظ الرحمان اور پاکستان بزنس کونسل کویت کے صدر محمد عارف بٹ اور ڈائریکٹر پاکستان بزنس کونسل کویت حافظ محمد شبیر نے خصوصی شرکت کی۔ دیگر سیاسی و سماجی شخصیات میں ریاض انجم، سید صداقت ترمذی، اقبال ساحر، جاوید بھٹی، میاں ارشد ، زبیر شرفی ، چوہدری غضنفر جمشید ، میاں عرفان، ڈاکٹر جہانزیب عثمان، چوہدری عدنان افضل ، محمد عرفان عادل، محمد عرفان شفیق، عابد ملک، عبدالشکور ابی حسن، شریف حدیثوی، ملک اخلاق، ارشد نعیم چوہدری، اعجاز ورک، جاوید شاہ، احسان الحق عنایت، نعمان اسلم گھمن، نعیم ارشاد، اخلاق احمد اور جاوید احمد نے شرکت کی۔

تمام حاضرین نے یوتھ ونگ کے صدر صدف علی صدف اور ٹورنامنٹ کے آرگنائزرلیاقت بٹ اور ان کی پوری ٹیم کی تعریف کی اور ایک بہترین اور کامیاب پانچویں سالانہ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ان کومبارکباد دی۔ پاکستان بزنس کونسل کویت کے صدر جناب عارف بٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ ہم یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور نظم و ضبط کے پہلے بھی معترف ہیں اور ان نوجوانوں کی طرف سے تسلسل کے ساتھ ان صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد نوجوان نسل کے لیے ایک بہترین خدمت اور مثال ہے۔ یہ نوجوان ہمارا فخر اور ہمارا سرمایہ ہیں اور ہم ان کے اس کام میں ان کے ساتھ ہیں۔ آخر میں پاکستان، کویت اور امتِ مسلمہ کے لیے دعائے خیر کی گئی اور مہمانوں کی تواضع پاکستانی مٹھائی اور مشروبات سے کی گئی۔