وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کا سپین کے صوبے کوٹالونیہ کی پارلیمنٹ کا دورہ صوبائی اراکین سے ملاقاتیں

Raja Farooq Haider

Raja Farooq Haider

پیرس/بارسلونا (زاہد مصطفی اعوان) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کا سپین کے صوبے کوٹالونیہ کی پارلیمنٹ کا دورہ صوبائی اراکین سے ملاقاتیں اراکین کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا پارلیمنٹ پہنچنے پر وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کا سوشلسٹ پارٹی کے رہنما ڈیوڈ پیرز نے استقبال کیا اور انہیں پارلیمنٹ کے مختلف حصوں کے متعلق بریفنگ دی۔

بعدازاں دونوں رہنماﺅں کے درمیان باضابطہ ملاقات ہوئی جس میں مسئلہ کشمیر اور اس کے پرامن حل اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے متعلق تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر پرپارلیمنٹ کے ہال میں تمام پارٹیوں کے نمائندگان ، میڈیا ، دفتر خارجہ کے نمائندگان کی موجودگی میں آفیشل ڈیبیٹ( سرکاری سطح پر مباحثہ) کرانے پر اتفاق ہوا ۔ اس بحث میں پارلیمانی پارٹیوں کو دعوت دی جائیگی۔ یہ تقریب نومبر میں ہوگئی اور مباحثہ کی میزبانی معزز رکن پارلیمنٹ کرینگے۔

سوشلسٹ پارٹی کے رہنماو رکن پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آوازدبانے کےلئے اندھا دھند طاقت کا استعمال کررہا ہے ۔ سات لاکھ فوجیوں کی موجودگی میں مقبوضہ کشمیر ایک خونی چھاﺅنی میں تبدیل ہو چکا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت خود مسئلہ اقوام متحدہ میں لیکر گیااور عالمی برادری کے سامنے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا مگر71سال گزرنے کے باوجود اس نے اپنے وعدوں پر عملدرآمد نہیں کیا۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت پر دباﺅ ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرے، مقبوضہ ریاست سے اپنی فوجیں واپس بلائے اور کشمیریوں اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق حق خودارادیت دے۔