ماہ رمضان کے دوسرے جمعہ کے موقع پر آئرلینڈ کے شہر لمرک میں فرزندان اسلام کا بڑا اجتماع

Gathering

Gathering

لمرک آئرلینڈ (فرخ وسیم بٹ) ماہ رمضان برکتوں اور سعادتوں کا روحانی و جافزا موسم ہے اس میں اہل اسلام کی باطنی کیفیات کمال عروج پر ہوتی ہیں اور ظاہری اعمال وصدقات کا اظہار کثرت کے اعتبار سے اوج ثریا کی بلندیوں کو چھو رہا ہوتا ہے رحمتوں برکتوں کی ان روحانی ساعتوں کو حاصل کرنے کے لیے آئرلینڈ کے شہر لمرک کی النور مسجد میں فرزندان اسلام نے کثیر تعداد میں رمضان کے دوسرے عشرہ اور دوسرا جمعہ نہایت خشوع و خضوع سے ادا کیا جس میں پاکستانی ۔انڈین ۔افریقہ ۔بنگلہ دیشی ۔افغانی اور صومالیہ کمیونٹی کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر النور مسجد کے امام و خطیب الشیخ عیسیٰ نے خطبہ جمعہ میں تقویٰ کے موضوع پر نہایت مدلل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت انسان کو تقویٰ سے پیدا ہونے والے نور سے یہ شعور عطا فرماتا ہے کہ وہ نیکی اور بدی میں تفریق کرنے والا بن جاتا ہے اور ہماری اصل ضرورت اور تقاضا نیکی اور بدی ۔خیروشر ۔گمراہی اور ہدایت میں فرق کرنے کے شعور کا حصول ہے آپنے اس بات کی طرف بھی خاص توجہ دلائی کہ اسلام ایک امن ۔ محبت ۔بھائی چارہ ۔رحمت اور انسان دوستی کا دین ہے رمضان کی ان رحمتوں برکتوں کی روحانی ساعتوں میں جہاں ہم اپنے باطنی احوال کو سنوارتے ہیں اسی طرح ہمیں اپنے ظاہری احوال کو بھی سنوارنا چاہیے اور وہ کیسے ممکن ہوگا جب ہم احساس ۔حسن سلوک ۔دوسروں کی مدد اور صلہ رحمی کا عملی نمونہ پیش کریں گے جس سے ہماری عبادات میں پیدا ہونے والے نور میں مزید اضافہ ہوگا آخر میں تمام اہل اسلام اور امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔