کپل شرما نے بھی شادی کا لڈو چکھ لیا

Kapil Sharma Marriage

Kapil Sharma Marriage

ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی مزاحیہ اداکار کپل شرما اور گینی چھاتراتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے، شادی کی تصویر وائرل ہوتے ہی پرستاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر مبارکبادی پیغامات کا تانتا بندھ گیا۔

بالی وڈ میں ان دنوں شادی سیزن پورے عروج پر ہے، پہلے دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ شادی کے بندھن میں بندھے، پھر پریانکا چوپڑا پیا دیس سدھاریں اور گزشتہ روز کپل شرما نے بھی پرستاروں کا طویل عرصے سے کیا جانے والا مطالبہ مانتے ہوئے شادی کا لڈو چکھ لیا۔

کپل شرما کی شادی کے چرچے گزشتہ کئی روزسے میڈیا پرجاری تھے اور ان کے چاہنے والے بے صبری سے اپنے پسندیدہ سٹار کی شادی کی تصاویر دیکھنے کے لیے بے چین تھے۔ گزشتہ روز یہ انتظار ختم ہوا اورکپل نے شادی کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کر کے اپنے چاہنے والوں کو بھی اپنی شادی کی خوشی میں شریک کیا۔

تصویر میں کپل اور گینی کی جوڑی نہایت خوبصورت لگ رہی ہے، تصویر شیئر کرتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور نئی شادی شدہ جوڑے کے لئے ان کے چاہنے والوں کی طرف سے مبارکباد کے پیغامات کے ساتھ دونوں کی آنے والی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کااظہار کیا گیا۔