یونان میں پاکستانی صحافی ساحل جعفری کے لیے پروگراموں کی بہترین میزبانی کا خصوصی اعزاز

Athens Ceremony

Athens Ceremony

ایتھنز (پ۔ر) یونان میں مقیم پاکستانی صحافی ساحل جعفری جو آن لائن ریڈیو ’’وائس آف ورلڈ‘‘ چلا رہے ہیں، کو اس سال مختلف تقریبات اور گوناگون پروگراموں کی بہترین میزبانی (نقابت) کرنے پر خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔

اس حوالے سے انہیں گذشتہ روز بانی پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناح کی ولادت کے موقع پر ایتھنز میں ایک تقریب کے دوران ایک خصوصی تعریفی سند پیش کی گئی۔

یہ شاندار تقریب پاکستان تحریک انصاف پراگریس گروپ یونان کے صدر سید تجمل حسین بخاری کی زیرصدارت منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد حمد باری تعالی پیش کی گئی۔ تقریب میں یونان میں مقیم متعدد پاکستانی شریک ہوئے۔

مقررین نے قائداعظم کی شخصیت اور تحریک پاکستان میں ان کی عظیم جدوجہد اور ولولہ انگیز قیادت پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے دوران قائداعظم زندہ باد، پاکستان زندہ باد اور وزیراعظم عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔