اہل ایمان کس قدر خوش بخت ہیں کہ انہیں رمضان المبارک نصیب ہوا، اکرم باجوہ

Akram Bajwa

Akram Bajwa

ویانا : اہل ایمان کس قدر خوش بخت ہیں کہ انہیں رمضان المبارک نصیب ہوا، انہوں نے اس کی ایمان افروز گھڑیوں سے خوب فیض حاصل کیا اور شب و روز عبادات کے ذریعے اپنی بخشش کا سامان کیا اور اپنے رب کو راضی کرنے کی کوشش کی۔ ایمان والے دن بھر روزے سے رہے اور رات میں تراویح میں قرآن کی سماعت بھی کی اور شب بیداری کی سعادت سے بھی بہرہ مند ہوئے۔ مگر اب ایمان افروز ساعتوں کا اختتام ہو رہا ہے۔

آج اس ماہ مقدس کا آخری جمعۃ المبارک ہے، یہ جمعہ چوں کہ ہمیں رمضان سے جدا کر رہا ہے، اس لیے اسے ’’جمعۃ الوداع‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس جمعے کے بعد ہمیں رمضان المبارک کی مبارک ساعتیں اگلے سال تک نصیب نہیں ہوں گی۔ اہل ایمان اور اہل توحید اس دن کو بڑے بوجھل دل کے ساتھ رخصت کرتے ہیں، کیوں کہ اس کے ساتھ ہی رمضان کی رخصتی بھی عمل میں آ جاتی ہے۔