سفارت خانہ پاکستان پیرس میں سیاحتی سہولیات سے مزین شعبہ سیاحت کا قیام‎

Tourism Facilitaion section established in EoP Paris

Tourism Facilitaion section established in EoP Paris

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) سفارت خانہ پاکستان برائے فرانس میں سیاحتی سہولیات سے مزین ایک شاندار شعبہ سیاحت کا افتتاح فرانسیسی قومی اسمبلی میں پاکستان فرانس دوستی گروپ کے صدر جناب جین برنارڈ سمپاتوس اور سفیر پاکستان جناب معین الحق نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس شعبہ سیاحت کے قیام کا مقصد فرانسیسی اور یورپی سیاحوں میں پاکستان کے سیاحتی مقامات کو متعارف کرانا اور انہیں پاکستان کے سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے دعوت دینا شامل ہے۔

کل پیرس میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں فرانسیسی حکومتی اہلکاروں، فرانسیسی ٹور آپریٹرز، سفرناموں کے لکھاریوں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پیرس میں پاکستان کے شعبہ سیاحت کا قیام سفارت خانہ کی طرف سے متعارف کرائے جانے والی سیاحتی مہم کا حصہ ہے تاکہ پاکستان کے پوشیدہ سیاحتی مقامات کو فرانس اور یورپ میں متعارف کروایا جاسکے۔ انہوں نے مہمانوں کو ان متعدد اقدامات سے بھی آگاہ کیا جو حکومت پاکستان نے پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے اٹھا رکھے ہیں۔ سفیر پاکستان نے حاضرین کو پاکستان کے سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی تاکہ وہ پاکستان کے قدرتی نظاروں، ثقافتی ورثہ اور پاکستانی عوام کی روائیتی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہو سکیں۔

Tourism facilitation section estabilised in EoP Paris

Tourism facilitation section estabilised in EoP Paris

سفیر پاکستان نے کہا کہ شعبہ سیاحت تمام معلومات اور سہولتوں سے مزین ہے اور یہ شعبہ فرانسیسی سیاحوں کو مناسب اور منفرد ٹورپیکجز سے متعارف کروائے گا جو ان کی سفری ضروریات اور ترجیحات کو مدنظر رکھ کر بنائے گئے ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ شعبہ فرانسیسی سیاحوں کو مناسب اور بہترین پاکستانی اور فرانسیسی ٹورآپریٹرز سے بھی متعارف کروائے گا تاکہ وہ پاکستان کے سفر اور پاکستان میں قیام کے دوران پوری طرح لطف اندوز ہو سکیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ یہ شعبہ ساحوں کو فرانسیسی زبان میں خاص طور پر تیار کیئے جانے والے کتابچے اور دیگر معلومات بھی فراہم کرے گا۔ جناب جین برنارڈ سمپاتوس نے اپنے خطاب کے دوران پاکستان کی حسین وادیوں، سیاحتی تنوع اور پاکستان میں موجود پوشیدہ سیاحتی مقامات کی تعریف کی اور کہا کہ وہ فرانسیسی قومی اسمبلی میں موجود پاکستان فرانس دوستی گروپ کے صدر کے طور پر پاکستانی اور فرانسیسی عوام کے درمیان رابطوں کو مزید فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔