چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کا ایمبسیڈر یوسف بچ کی وفات پر تعزیت کا اظہار

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے نامور کشمیری دانشور اور اقوام متحدہ کے سابق سینئر عہدیدار ایمبسیڈر یوسف بچ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں علی رضا سید نے کہاکہ یوسف بچ جموں و کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم باب تھے اور انھوں نے اپنی زندگی کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں بہت نمایاں خدمات انجام دیں۔

واضح رہے کہ یوسف بچ جو امریکہ میں انتقال کرگئے ہیں، کی میت کو جلد ہی آزاد کشمیر لایاجائے گا، جہاں ان کی وصیت کے مطابق، انہیں میرواعظ یوسف شاہ کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے سابق سینئر مشیر مرحوم یوسف بچ کشمیر پر ایک اتھارٹی کا درجہ رکھتے تھے اور انہوں نے ساری عمر کشمیر کاز کے لیے اپنے آپ کو وقف رکھاتھا ۔ وہ نیویارک میں فری کشمیر کے نام سے ایک سنٹر بھی چلاتے رہے۔

یوسف بچ سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کی کابینہ میں وزیراطلاعات اور سویٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر بھی رہ چکے تھے۔

علی رضا سید نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ مرحوم یوسف بچ کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پر نہیں ہو سکے گا ۔ اُنہوں نے دعا کی اللہ تعالیٰ مرحوم یوسف بچ کی مغفرت فرمائے اور ان کے لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ امین