برسلز میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا

Syed Ali Raza

Syed Ali Raza

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے چار فروری کی شام کو شمعیں روشن کر کے کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔

پروگرام کشمی رکونسل ای یو کے زیراہتمام سوموارچار فروری کی شام کو چار بجے برسلزکے مرکزی ریلوے اسٹیشن کے مرکزی داخلی دروازے کے سامنے ہوگا جس میں زندگی کے ہرطبقے اور مختلف این جی اوز کے عہدیداروں خصوصاًانسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔

اپنے ایک بیان میں یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیرکے منطقی اور منصفانہ حل تک کشمیر کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے رہیں گے۔

انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت اوربے جا حراست سمیت ہر قسم کے سنگین بھارتی ہتھکنڈوں اور مظالم کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے ذریعے رائے شماری کرائی جائے جس میں حصہ لے کر کشمیری عوام اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کر سکیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے پرامن جدوجہد کررہے ہیں اور بھارت مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری عوام پر اپنی فوج کے ذریعے تشدد اور مظالم ڈھا رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیرمیں سات لاکھ فوج کی موجودگی اور کالے قوانین اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کوسنگین دباؤمیں رکھاہواہے لیکن بھارت کی طرف سے مظالم اورتشددجیسے حربوں اور کالے قوانین سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو روکا نہیں جاسکتا۔ یہ جدوجہد اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضاسید نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو بھارتی مظالم کا نوٹس لیناہوگااور کشمیریوں کو ان کا حق دلواناہوگا۔ خاص طورپر اقوام متحدہ اور یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کے لیے اپنا کرداراداکریں اور اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے مسئلہ کشمیرکے مناسب اور پرامن حل کا راستہ ہموار کریں۔