بریشیا میں پاکستان اسپورٹس کلب کی جانب سے دو روزہ جشن آزادی مبارک اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا

Jashn E Azadi

Jashn E Azadi

اٹلی (زہد مصطفی اعوان) بریشیا میں پاکستان اسپورٹس کلب کی جانب سے دو روزہ جشن آزادی مبارک اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں یورپ، پاکستان اور بھارت سے کبڈی، والی بال کے اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کے علاوہ کرکٹ اور فٹبال کے ٹورنامنٹ بھی کروائے گئے۔ میلہ کی اہم بات اٹلی ویورپ بھر سے تمام پاکستانی سیاسی و مذہبی جماعتوں کا بلاتفریق شرکت کرنا اور ہزاروں کی تعداد میں کمیونٹی کی شرکت کے علاوہ سکھ کمیونٹی کی بڑی تعداد کا پاکستانی جھنڈوں تلے جمع ہوناتھا۔ پاکستان زندہ باد کے نعروں ، پھولوں و گلدستوں کے ساتھ ساتھ ڈھول کی تھاپ پر میلے میں شرکت کرنے والے مہمانوں اور شائقین کا استقبال کیا گیا۔

دو روزہ میلے کے آ خری روز اٹلی کے ہر شہر سے کمیونٹی کی جانب سے قافلوں کی صورت میں شرکت کی گئی جن کا پاکستان اسپورٹس کلب نے شاندار استقبال کیا۔ میلے میں کبڈی کے اسٹار کھلاڑیوں نے شائقین سے شاندار کھیل کے ذریعہ داد حاصل کی جبکہ فائنل نے پنجاب کبڈی میں پاکستان اسپورٹس بورڈ بریشیا جس کی قیادت ہیرا بٹ کررہے تھے کی ٹیم نے شاندار کامیابی حاصل کی جبکہ نیشنل کبڈی میں اسپین کی ٹیم نے فائنل میں اٹلی کی ٹیم کو شکست دے دی۔۔

والی بال کے مقابلوں میں ںھی شیری ورائچ کے کلب نے فائنل میں کامیابی حاصل کی۔کرکٹ کے مقابلوں میں اکمل الیون جبکہ فٹبال کا فائنل بریشیا یوتھ کی ٹیم نے جیتا۔ فیسٹیول میں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یورپ میں آ ج بالکل محسوس نہیں ہورہا ہے کہ وہ پاکستان سے باہر ہیں، پاکستانیوں کو یکجا اور قومی لباس میں دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا یے جیسے کسی عید یا 14اگست کا دن ہے۔ انہوں نے پاکستان اسپورٹس کلب کو میلے کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ میلے میں شریک کھلاڑیوں کو خیبرپختونخوا کے دورے کی دعوت دیتے ہیں۔