بلجیم میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام شمعیں روشن کی جائیں گی

Kashmir Council EU Candles Light Vigil

Kashmir Council EU Candles Light Vigil

برسلز (پ۔ر) بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے چار فروری کی شام کو شمعیں روشن کرکے کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔

پروگرام کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام سوموارچار فروری کی شام کو چار بجے برسلز کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کے مرکزی داخلی دروازے کے سامنے ہوگا جس میں زندگی کے ہرطبقے اور مختلف این جی اوز کے عہدیداروں خصوصاًانسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔

اپنے ایک بیان میں یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کہا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیرکے منطقی اور منصفانہ حل تک کشمیر کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتے رہیں گے۔

انھوں نے مقبوضہ کشمیرمیں قتل و غارت اوربے جا حراست سمیت ہر قسم کے سنگین بھارتی ہتھکنڈوں اور مظالم کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے ذریعے رائے شماری کرائی جائے جس میں حصہ لے کر کشمیری عوام اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کر سکیں۔

انھوں نے مزید کہاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے پرامن جدوجہد کررہے ہیں اور بھارت مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری عوام پر اپنی فوج کے ذریعے تشدد اور مظالم ڈھا رہا ہے ۔ مقبوضہ کشمیرمیں سات لاکھ فوج کی موجودگی اور کالے قوانین اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کوسنگین دباؤمیں رکھاہواہے لیکن بھارت کی طرف سے مظالم اورتشددجیسے حربوں اور کالے قوانین سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو روکا نہیں جاسکتا۔ یہ جدوجہد اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گی۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضاسید نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو بھارتی مظالم کا نوٹس لیناہوگااور کشمیریوں کو ان کا حق دلواناہوگا۔ خاص طورپر اقوام متحدہ اور یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کے لیے اپنا کرداراداکریں اور اپنا اثرورسوخ استعمال کرکے مسئلہ کشمیرکے مناسب اورپرامن حل کا راستہ ہموار کریں۔